وفاقی حکومت نے توشہ خانہ کے نئے ریفرنس کے لیے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن نیب آرڈیننس 1999 کی سیکشن 16 بی کے تحت جاری کیا گیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق امن امان کی صورت حال کے پیش نظر نیب عدالت اگر ضروری سمجھتی ہے تو عمران خان اور بشریٰ بی بی کا ٹرائل جیل میں کرے۔
جیل ٹرائل نوٹیفکیشن سے متعلق سابق وزیر اعظم اور سابق خاتون اول کے وکلا کو آگاہ کردیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز نیب نے عمران خان اور ان کی اہلیہ کو عدت نکاح کیس میں ضمانت ملنے کے فوری بعد توشہ خانہ کے ایک نئے ریفرنس میں گرفتار کرلیا تھا۔ نیب کی انکوائری رپورٹ کے مطابق نیا کیس 7 گھڑیوں سمیت 10 قیمتی تحائف خلاف قانون پاس رکھنے اور بیچنے سے متعلق ہے۔
یاد رہے کہ ڈسٹرکٹ سیشن عدالت نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی دوران عدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف اپیلیں منظور کرتے ہوئے بری کر دیا تھا اور روبکار جاری کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم جاری کیا تھا جس کے بعد عمران خان اور بشریٰ بی بی کو نئے توشہ خانہ کیس میں گرفتار کیا گیا۔