وزیر اعظم شہباز شریف نے 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو 3 ماہ تک خصوصی ریلیف دینے کا اعلان کر دیا۔
منگل کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے پروٹیکٹڈ اور نان پروٹیکٹڈ صارفین پر بجلی کی قیمت میں حالیہ اضافہ لاگو نہیں ہوگا۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ غریب اور متوسط طبقے کے ریلیف کے لئے 50 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے، اس پیکج کے تحت 94 فیصد گھریلو صارفین کو ریلیف دیا جاسکے گا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ گرمیوں کے تین ماہ جولائی، اگست اور ستمبرمیں یہ خصوصی ریلیف دیا جا رہا ہے، اس فیصلے سے تقریبا ًدو کروڑ ساٹھ لاکھ بجلی صارفین کو فائدہ ملے گا اور مہنگائی میں کمی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو 4 سے 7 روپے فی یونٹ کا ریلیف ملے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اکتوبر میں موسم بہتر ہوجاتا ہے تو استعمال کم ہوتا ہے، 2.5 کروڑ صارفین پر 50 ارب روپے کی رقم خرچ ہوگی، اس میں کے الیکٹرک بھی شامل ہوگی ، عوام کا جائز مطالبہ اس اعلان سے پورا ہوگا، آئی ایم ایف معاہدہ ملک کی مجبوری تھی ، اشرافیہ نے پاکستان سے بے پناہ فائدہ لیے ، اب وقت آگیا ہے کہ وہ فائدہ واپس لوٹائے۔