وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کا پہلا اجلاس ہوا جس میں چینی باشندوں کی ہلاکت کی شدید مذمت کی گئی۔
اجلاس میں کورکمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا ، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان ، آئی جی پنجاب ڈاکٹرعثمان انور اور دیگر اعلی عسکری ، انٹیلی جنس اور حکومتی حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان کے مطابق قومی سلامتی کے لیے جامع اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور صوبے کی مجموعی سیکورٹی صورتحال پرمفصل بریفنگ دی گئی ۔
محرم الحرام کے دوران سکیورٹی پلان اور ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے حکومت پنجاب کے پیشگی اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی ۔
اجلاس میں چینی باشندوں سمیت غیرملکیوں کی سیکورٹی سے متعلق امور اور حکمت عملی پر بحث کی گئی ۔
پنجاب سیف سٹی پراجیکٹ سمیت سکیورٹی کے مجموعی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔
مریم نواز نے کہا کہ وطن عزیز کی خدمت اور حفاظت کے لئے ایک ٹیم ہیں، محرم الحرام کی حساسیت کا بخوبی اندازہ ہے ، باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بہت سےعناصر امن وامان کی صورتحال خراب کرنے کی کوشش کرتے ہیں ، ان کے مذموم عزائم کو مل کر نا کام بنانا ہے ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ناخوشگوار واقعات سے بچنے کیلئے پیشگی اطلاع اور اقدامات موثر ثابت ہوتے ہیں۔