لاہورہائیکورٹ نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالہیٰ، زارا الہیٰ اورراسخ الہیٰ کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کا حکم دیدیا۔ لاہورہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے فیصلہ سنایا ۔
درخواست میں وفاقی حکومت اوروزارت داخلہ کو فریق بنایا گیا۔ درخواست گزارپرویز الہیٰ زارا الہیٰ اور راسخ الہیٰ کے وکیل نے موقف اختیارکیا کہ وفاقی حکومت نے پرویز الہیٰ، زہرا الہیٰ کا نام غیرقانونی طورپر پی سی ایل میں شامل کیا ہے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے درخواست گزاروں کوسیاسی انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا گیا۔
وکیل جانب سےعدالت کو بتایا گیا کہ درخواست گزارکسی مقدمہ میں سزا یافتہ نہیں ہیں۔ لہذا پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنا قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ لہذا عدالت پرویزالہیٰ سمیت دیگر کے نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کا حکم دے۔
وزارت داخلہ نے جواب میں کہا کہ درخواست گزاروں کے خلاف اینٹی کرپشن میں کیسز زیرسماعت ہیں،عدالت نے درخواست گزاروں کے نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کا حکم دیدیا۔