ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا ہےکہ پاکستان کا اپنی سرزمین پر دہشتگردوں کےخلاف آپریشن کا فیصلہ اپنا ہے۔
ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرا بلوچ نےہفتہ واربریفنگ میں کہا کہ پاکستان بلاک کی سیاست پریقین نہیں رکھتا،پاکستان بین الاقوامی سطح پر کسی بلاک کا حصہ نہیں بنےگا،پاکستان اور افغانستان باہمی تحفظات کے معاملات پرایک دوسرے سے رابطے میں ہیں،دوحہ میں بھی باہمی تحفظات کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔
ترجمان دفترخارجہ نےمزیدکہا کہ پاکستان اورامریکہ کےدرمیان رابطے کےمتعدد چینلز ہیں،ہم ایک دوسرے کےساتھ مختلف معاملات پر رابطہ رکھتے ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ یکم جولائی کو پاکستان اوربھارت نے قیدیوں کی فہرست کا تبادلہ کیا۔
پاکستان کےبھارت میں 335 قیدیوں کی فہرست بھی شیئرکی گئی۔ 71کی جنگ میں ممکنہ طور پر بھارت کی جیل میں قید فوجی اہلکاروں کی فہرست بھی شیئرکی گئی۔ پاکستان نے بھارت میں پاکستانی قیدیوں کی وطن واپسی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔
ترجمان نےبتایا کہ حکومت نےغزہ کےمیڈیکل طلبہ کو پاکستان کے میڈیکل کالجز سے تعلیم مکمل کروانےکا فیصلہ کیا ہے،غزہ سے طلبا جلد ہی پاکستان کے مختلف میڈیکل کالجز سے اپنی تعلیم مکمل کریں گے۔