راولاکوٹ شہر کے وسط میں موجود ڈسٹرکٹ جیل پونچھ سے 19 قیدی دن دیہاڑے فرار ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب جیل سنتری قیدیوں کو بیرکوں سے باہر نکالنے کےلئے دروازہ کھولنے گیا، چند قیدی پہلے سے مرچیں لئے تیار تھے، جو سنتری کی آنکھوں میں مرچیں ڈال کر باآسانی فرار ہوگئے۔
قیدیوں کے فرار ہونے کی فوٹیج بھی سامنے آگئی قیدیوں نے سنتری کی بندوق چھین کر فائرنگ بھی کی گئی فائرنگ کے تبادلے میں ایک قیدی زخمی بھی ہوا، جو بعد اذاں اسپتال پہنچ کر دم توڑ گیا۔
ان قیدیوں میں دہشتگردی، قتل، اقدام قتل اور منشیات فروشی کے الزام میں قید غازی شہزاد، عثمان اور بیت اللہ شامل، قتل کے الزام میں قید تعماز، سفیر، ثقلین، سہیل رشید، آصف دل محمد، فیصل حمید، ثاقب مجید اور اسامہ شامل ہیں۔ دیگر فرار ہونے والے قیدیوں میں شاہ میر، ناصر، خیام، مقرم فیصل، عامر عبداللہ، ساجد نصیر، فیضان، نعمان، شبیر شامل ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ راولاکوٹ شہر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے، ڈی ایس پی سردار طارق کے ہمراہ پولیس، انتظامیہ اور سیکیورٹی اداروں کی بھاری نفری جیل میں معاملہ کی تحقیقات کےلئے موجود ہے،جیل میں تعینات تمام پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرکے سٹی تھانے منتقل کردیا گیا۔