اٹلی کے شہر وینس کے قریب سیاحوں کو لے جانے والی ایک بس حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں 20سے زائد افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
اطالوی میڈیا کے مطابق شمالی اٹلی میں وینس کے قریب غیر ملکی سیاحوں کو لے جانے والی ایک بس راستے میں فلائی اوور سے نیچے گر گئی جس کے نتیجے میں 20 سے زائد افرادہلاک اور 18 زخمی ہوگئے۔
تقریباً 50 فٹ گہرائی میں گرنے کے بعد بس میں آگ بھڑک اٹھی جس کے باعث اس میں سوار سیاح بری طرح جھلس گئے ۔
حادثے کے بعد سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری کردہ ایک بیان میں وینس کے میئر کا کہنا تھا کہ ’ایک افسوسناک حادثہ جس کے لئے کوئی الفاظ نہیں‘، انہوں نے حادثے کے متاثرین کی یاد میں شہر میں سرکاری سوگ کا بھی اعلان کیا۔
Un’immane tragedia ha colpito questa sera la nostra comunità.
— Luigi Brugnaro (@LuigiBrugnaro) October 3, 2023
Ho disposto da subito il lutto cittadino, in memoria delle numerose vittime che erano nell’autobus caduto.
Una scena apocalittica, non ci sono parole. pic.twitter.com/APnsQoPMkL
وینس سٹی کونسلر ریناٹو بوراسو نے بتایا کہ بس میں 40 مسافر سوار تھے جن میں سے 21 کی موت ہو گئی اور 18 زخمی ہو گئے، انہوں نے خبردار کیا کہ ہلاکتوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے کیونکہ حادثے میں زخمی ہونے والوں میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے۔
وزارت داخلہ کے ایک نمائندے کے مطابق متاثرین میں 5 یوکرینی اور ایک جرمن شہری بھی شامل ہے جبکہ اطالوی خبر رساں ایجنسی اے این ایس اے نے رپورٹ کیا کہ حادثے کی شکار ہونے والی بس میں فرانس اور کروشیا سے تعلق رکھنے والے سیاح بھی سوار تھے۔
فائر فائٹرز کو بہت سی لاشیں نکالنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ہلاک ہونے والوں میں دو بچے بھی شامل ہیں۔
وینیٹو ریجن کے گورنر لوکا زایا کا کہنا تھا کہ حادثے کی وجہ ابھی تک واضح نہیں ہے ، یہ ایک بڑا سانحہ ہے تاہم یہ سمجھنا مشکل ہے کہ کیسے ہوا، بس بالکل نئی اور الیکٹرک تھی اور جس راستے سے گزری وہ مشکل بھی نہیں تھا۔
بعض میڈیا رپورٹس میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا کہ حادثے سے قبل بس کے ڈرائیور کی طبیعت خراب ہوگئی تھی۔
اطالوی وزیر اعظم جارجیا میلونی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ان کی حکومت متاثرین کے اہلخانہ اور دوستوں کے ساتھ اور ان کے غم میں شریک ہے۔
Esprimo il più profondo cordoglio, mio personale e del Governo tutto, per il grave incidente avvenuto a Mestre. Il pensiero va alle vittime e ai loro famigliari e amici. Sono in stretto contatto con il Sindaco @LuigiBrugnaro e con il Ministro @Piantedosim per seguire le notizie…
— Giorgia Meloni (@GiorgiaMeloni) October 3, 2023
رپورٹس کے مطابق اٹلی میں حالیہ برسوں کے دوران متعدد خوفناک بس حادثے ہوئے ہیں جن میں متعدد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
2017 میں ہنگری کے طلباء کو لے جانی والی ایک بس ویرونا شہر کے قریب حادثے کا شکار ہوئی تھی جس میں سوار 16 افراد ہلاک ہوگئے تھے جبکہ 2013 میں جنوبی اٹلی میں بھی ایک بس حادثہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں 40 افراد زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔