محکمہ موسمیات نے پنجاب میں معمول سے زیادہ بارشیں ہونے کی پیش گوئی کردی ۔
محکمہ موسمیات نے صوبے بھر میں بارشوں کی پیش گوئی کر دی، لاہور سمیت پنجاب کے بڑے شہروں کو شدید متاثر کرسکتی ہیں، صوبے کے بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے،محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کردیا ۔
چیف میٹرولوجسٹ شاہد عباس نے سماء سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جولائی کے پہلے ہفتے سے بارشوں کا آغاز ہوگا، بارشیں معمول سے زیادہ ہونے کا امکان ہے، لاہور، گوجرانوالہ کے علاوہ پہاڑی علاقوں کے قریب شہر زیادہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا تھا کہ بڑے شہروں میں مون سون سے قبل ڈرین سسٹم کو مکمل تیار ہونا چاہیے، ڈیم خالی ہونے سے شروع کے دنوں کی بارشیں زیادہ متاثر نہیں کریں گی، گرمی کی شدت میں آئندہ ہفتے کمی آئے گی، پنجاب میں بارشوں کا سلسلہ آئندہ دو ماہ جاری رہے گا۔