وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نوجوان کاروباری افراد ہماری معیشت اور ملک کے مستقبل کے معمار ہیں۔
منگل کو وزیراعظم شہباز شریف سے نوجوان کاروباری افراد کے وفد نے ملاقات کی جس کے دوران مختلف شعبوں میں کاروباری برادری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا ۔
وفد میں ٹیکسٹائل ، تعمیرات، آئل اینڈ گیس،تعلیم، صحت ، زراعت ، برآمدات کے شعبوں سے کاروباری نوجوان شامل تھے۔
اس موقع پر وفاقی وزرا عبدالعلیم خان ، عطا تارڑ ، اویس لغاری ، جام کمال ، چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے اقتصادی مشاورتی کمیٹی کی طرز پر یوتھ انٹرپرنیور ایڈوائزری کمیٹی بنانے کی ہدایت کی۔
شہباز شریف کا گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کاروباری برادری کو معاشی سرگرمیوں کے لیے تمام سہولیات فراہم کریں گے ، برآمدات کے فروغ میں نوجوان کاروباری افراد اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور کاروباری برادری کے تعاون سے مالی و تجارتی خسارہ کم کیا جا سکتا ہے ، حکومت معاشی مواقعوں کی فراہمی میں صنفی امتیاز ختم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ کاروبار کیلئے سازگار ماحول اور کاروبار دوست پالیسیاں بنانا اولین ترجیح ہے ، چین اور پاکستان کےکاروباری اشتراک کا فروع بھی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک منصوبے کے دوسرے مرحلے میں صنعتی ترقی کی رفتار تیز ہوگی ۔
شہبازشریف نے ہدایت کی کہ یوتھ انٹرپرنیور ایڈوائرزی کمیٹی نوجوان کاروباری افراد پر مشتمل ہونی چاہئے۔