باغوں کا شہر کہلانے والے لاہور شہر پراکتوبر شروع ہوتے آلودگی نے دستک دے دی۔
دن بھر لاہور نے پوری دنیا کے شہروں کو فضائی آلودگی میں پیچھے چھوڑے رکھا۔رات میں بھی سموگ کے بادل نہ چھٹ سکے۔
لاہور فضائی آلودگی میں دنیا بھر کے آلودہ شہروں کی فہرست میں دن بھر پہلے نمبر پر رہا۔ صبح کے اوقات میں ایئر کوالٹی انڈیکس 160 جبکہ رات ہوتے ہیں ایئر کوالٹی انڈیکس 165 تک پہنچ گیا۔
اسی طرح دوسرے نمبر دہلی اور تیسرے پر انڈونیشیارہا۔ جبکہ پاکستان کے تمام شہروں کی فہرست میں بھی لاہور آلودہ ترین شہر رہا۔
محکمہ موسمیات نے گزشتہ برس کی نسبت رواں برس سموگ میں اضافے کی پیش گوئی کرتے ہوئے فروری کے وسط تک فضائی آلودگی کی شدت برقرار رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔
لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس مسلسل خطرناک شکل اختیار کر رہا ہے اورگزشتہ سال بھی اس سے لاہور کو خطر ناک صورتحال کا سامنا رہا تھا، اسموگ کی وجہ سے الرجی اور آنکھوں میں جلن جیسے مسائل رپورٹ ہوئے تھے۔