بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں نایاب نسل کے تیندوے کو اہل علاقہ نے مار ڈالا۔
سوئی کے پہاڑی علاقے میں چرواہوں کو ایک نایاب نسل کا تیندوا نظرآیا تھا۔ جس کی اطلاع انہوں نے اہل علاقہ کو دی ۔ جس کے بعد چند مسلح افراد نے تیندوا کا پہاڑی علاقے میں پیچھا کیا اور اس کے غار تک پہنچ گئے۔
مسلح افراد نے نایاب نسل کے تیندوے کوڈھونڈ کر اسے ہلاک کردیا ۔ اس کے بعد ویڈیو بھی بنائی ۔ دوسری جانب نایاب نسل کے جانور کی ہلاکت پر مقامی افراد افسردہ ہیں ۔ ان کا مطالبہ ہے کہ واقعے میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارورائی کی جائے۔
محکمہ وائلڈ لائف کی جانب سے کوئی ایکشن نہیں لیا گیا ۔ چرواہوں کا کہنا ہے کہ کچھ عرصے سے سوئی کے نواحی علاقے میں تیندوا نظر آرہا تھا اور ان کی بھیڑ بکریوں پر بھی نقصان پہنچا جارہا تھا۔ ڈپٹی کمشنر ڈیرہ بگٹی اعجاز سرور کا کہنا ہے کہ واقعہ کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، ملزمان کی شناخت کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔