انگلینڈ میں ایک مقامی اسکول میں فٹبال میچ کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے لڑکے سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے، 12 سالہ لڑکے کی حالت تشویشناک ہے۔
رپورٹ کے مطابق انگلینڈ کی کاؤنٹی ہرٹ فورڈ شائر کے ایک اسکول میں ڈسٹرکٹ فٹبال ٹورنامنٹ جاری تھا کہ اس دوران آسمانی بجلی گرنے سے ایک پچاس سالہ شخص اور 12 سالہ لڑکا زخمی ہوگئے۔
مقامی میڈیا کے مطابق لڑکے کو تشویشناک حالت میں ایڈن بروک اسپتال لے جایا گیا جبکہ دوسرے متاثرہ شخص کو پرنسز الیگزینڈرا اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
اسکول کے ہیڈ ٹیچر نے فیس بک پر جاری بیان میں بتایا کہ اسکول میں ایک بیرونی تنظیم کے زیراہتمام ڈسٹرکٹ فٹبال ٹورنامنٹ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس میں آسمانی بجلی گرنے سے دوسرے اسکول کا ایک چھوٹا لڑکا اور بالغ شخص زخمی ہوگئے۔
پیر کو وسطی اور جنوب مشرقی انگلینڈ کے کچھ حصوں میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارش اور ہواؤں کا سلسلہ شروع ہوا، آکسفورڈ شائر میں فوڈ ویسٹ ری سائیکلنگ پلانٹ پر بھی آسمانی بجلی گرنے کا واقعہ پیش آیا، جس کے بعد رہائشیوں نے ’دھماکے‘ کی آواز بھی سنی، آسمانی بجلی گرنے سے بایو گیس ٹینک پھٹ گیا۔