وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت ہونے والے نیشنل ایکشن پلان کی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں تمام سٹیک ہولڈرز نے اتفاق رائے سے ’ عزم استحکام ‘ آپریشن شروع کرنے کی منظوری دیدی ہے ، عزم استحکام آپریشن دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے قومی عزم کا اظہار ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت نیشنل ایکشن پلان کی اپیکس کمیٹی اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیاہے ، اعلامیے کے مطابق اجلاس میں مسلح افواج کے سربراہان، وفاقی وزرا، وزرائے اعلی، چیف سیکرٹریز نے شرکت شرکت کی ، فورم نے انسداد دہشت گردی کی جاری مہم کا ایک جامع جائزہ لیا۔
اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں داخلی سلامتی کی صورتحال ، نیشنل ایکشن پلان کے کثیرالجہتی اصولوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد میں خامیوں کی نشاندہی پر زور دیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق انسداد دہشت گردی کی جامع اور نئی جاندار حکمت عملی کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے ، حکمت عملی مکمل قومی اتفاق رائے اور نظام کے وسیع ہم آہنگی پر ہوگی،دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ پاکستان کی اپنی جنگ ہے،دہشت گردی کے خلاف جنگ قوم کی بقا اور بھلائی کے لیے ضروری ہے۔
اپیکس کمیٹی کے اجلاس چینی باشندوں کی فول پروف سیکیورٹی کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور چینی باشندوں کی سیکیورٹی کے لیے وزیراعظم کی منظوری کے بعد نئے ایس او پیز متعلقہ اداروں کو ارسال کر دیئے گئے ، ایس او پیز چینی باشندوں کو جامع سیکیورٹی کرنے کے لیے طریقہ کار وضع کریں گے۔
ایپکس کمیٹی کے مطابق سیاسی اور سفارتی سطح پر علاقائی تعاون کے ذریعے دہشت گردوں کی آپریشنل اسپیس ختم کرنے کے لیے کوششیں تیز کی جائیں گی، دہشت گردی کے مقدمات کے مؤثر استغاثہ کے لیے مناسب قانون سازی کی جائے گی،کسی کو بھی ریاست کی عملداری چیلنج کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔