وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف ائی اے) کمرشل بینکنگ سرکل اسلام آباد کے مال خانے سے 15 کروڑ روپے کی ملکی وغیر ملکی کرنسی لوٹنے والے ملزمان سے برآمد رقم میں ہیرا پھیری کرنے پر ایس ایچ او مندرہ سمیت 9 پولیس ملازمین کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
راولپنڈی کے تھانہ مندرہ میں یہ مقدمہ اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد ایف ائی اے کے ایس ایچ او اسفند یار کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ مقدمہ میں ایس ایچ او مندرہ یاسر اعوان، اسسٹنٹ سب انسپکٹرعمران مظفر، سات کانسٹیبلز خضر حیات، مظفر شاہد محمود اسد محمود،عثمان،مختار حسین اور محمد نعیم شہزاد سمیت ایک پرائیویٹ شخص کو بطور ملزم نامزد کیا گیا۔
متن مقدمہ کے مطابق 31 مئی کو ایف ائی اے مالخانہ سے دو ملزمان نے تقریبا 15 کروڑ مالیت کی ملکی غیر ملکی کرنسی لوٹی، کار سوار دوملزمان سعد انوراور محمد حمزہ کو مندرہ پولیس نے سنیپ چیکنگ کے دوران ٹول پلازہ سے گرفتار کیا،گاڑی سے کرنسی،اے ٹی ایم کارڈز،ایئرپورٹ پر داخلہ کے عارضی این اوسی سمیت مختلف اشیاء برآمد کیں۔
متن مقدمہ کے مطابق ایف ائی اے اینٹی کرپشن سرکل کو مالخانہ سے ملکی وغیر ملکی کرنسی لوٹنے کے واقعہ کی تفتیش کے دوران پتہ چلا کہ ملزمان نے واردات کے دوران مجموعی طور پر تقریبا 15 کروڑ روپے کی کرنسی لوٹی،جبکہ مندرہ پولیس نے ملزمان سے صرف 40 لاکھ 89 ہزار روپے کی برآمدگی ظاہرکی۔
متن مقدمہ کے مطابق مالخانہ سے چوری مختلف مقدمات میں برامدگی کے ریکارڈ کی رپورٹ، مندرہ ٹول پلازہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی موجود ہے جبکہ مندرہ تھانہ کی روزنامچہ رپورٹ کو پھاڑنے اور ٹمپرنگ سے بھی ملزمان کی بددیانتی ظاہر ہے، نامزد ملزمان کے خلاف پولیس آرڈیننس دوہزار دو کی سیکشن ایک سو پچپن سی،رہزنی، تعزیرات پاکستان کی دفعہ دوسو ایک کے تحت مقدمہ درج کیا گیا،جسکی باقاعدہ تفتیش کا اغاز کر دیا گیا ہے۔