کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے عالمی شعبے کے وزیر لیوجیان چاؤ نے کہا ہے کہ سی پیک کے اگلے مرحلے پر عملدرآمد کے لئے مکمل طور پر تیار ہیں۔
جمعہ کو وزیر اعظم شہباز شریف سے کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے عالمی شعبے کے وزیر لیوجیان چاؤ نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی جبکہ وفد میں پاکستان میں تعینات چینی سفیر بھی شامل تھے۔
ملاقات کے دوران نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزرا اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھی موجود تھے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے چینی وزیر اور ان کے وفد کے ارکان کا پاکستان میں خیرمقدم کیا۔
چینی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کا حالیہ دورہ چین انتہائی کامیاب رہا، چین کی خارجہ پالیسی میں پاکستان کو ایک خاص مقام حاصل ہے، چین پاکستان کی اقتصادی ترقی کی حمایت جاری رکھے گا۔
لیوجیان چاؤ کا کہنا تھا کہ سی پیک کے اپ گریڈ ورژن کے لیے مشترکہ طور پر کام کریں گے اور سی پیک کے اگلے مرحلے پر عملدرآمد کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ یہ اطمینان بخش ہے کہ سی پیک پر دونوں ممالک میں مکمل سیاسی اتفاق ہے، پاک چین دوستی وقت کی ہر آزمائش پر پورا اتری ہے۔
وزیر اعظم نے اسٹریٹجک تعلقات اور سی پیک اپ گریڈیشن کے لئے مل کر کام کرنے کے چینی وژن کی تعریف بھی کی۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ پاک چین دوستی خطے اور عالمی امن و ترقی کے لیے بھی ناگزیر ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے چینی وزیر اور ان کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا گیا۔
خیال رہے کہ چینی وزیر یوجیان چاؤ وفد کے ہمراہ پاکستان کے دورے پر ہیں جہاں انہوں نے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقاتیں کی ہیں۔