تحریک انصاف نے پارٹی کے چیئرمین اوروائس چیئرمین کیخلاف قائم سائفرمقدمےکی اڈیالہ جیل میں کل ہونے والی سماعت کیلئےوزارت قانون کی جانب سے جاری کیا گیا نوٹیفکیشن مستردکردیا ۔
پی ٹی آئی ترجمان نے کہا ہے کہ جیل میں ٹرائل کاوزارتِ قانون کا نوٹیفکیشن فیئرٹرائل کی صریحاً خلاف ورزی ہے،سائفرمقدّمےکو ایک خاص طرز پر چلانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں :۔جیل ٹرائل کوئی ایسی چیزنہیں جو نہ ہوتی ہو، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ
ترجمان کے مطابق آئین کا آرٹیکل 10-اے ہرشہری کو منصفانہ سماعت کا حق دیتا ہے،توشہ خانہ کیطرح سائفرمقدّمےکونہایت عجلت میں آگے بڑھایا جارہا ہے۔
ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ جیل میں ٹرائل کا نوٹیفکیشن فوراً واپس لیا جائےاورکھلی عدالت میں سماعت کی جائے،چیف جسٹس آف پاکستان سیاسی انتقام کا نشانہ بنانےکی کوششوں کا نوٹس لیں۔
واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف سائفر کیس کی سماعت کل اڈیالہ جیل راولپنڈی میں ہوگی۔آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے خط لکھ کر وزارتِ قانون سے سماعت سے متعلق رائے طلب کی تھی۔ جواب میں وزارت قانون نے کیس کی اڈیالہ جیل میں سماعت کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔