ملک میں بیرونی سرمایہ کاری میں ماہانہ بنیاد پر کمی جبکہ سالانہ بنیاد پر اضافہ دیکھا گیا ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان ( ایس بی پی ) کے مطابق 11 ماہ میں پاور سیکٹر 74 کروڑ ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ مئی میں ملک میں 27.1 کروڑ ڈالر کی براہ راست بیرونی سرمایہ کاری کی گئی۔
مرکزی بینک کے مطابق اپریل میں 36 کروڑ ڈالر کی براہِ راست بیرونی سرمایہ کاری ہوئی تھی۔
اعدادو شمار کے مطابق رواں مالی سال کے 11 ماہ میں 15 فیصد بڑھ کر بیرونی سرمایہ کاری کا حجم ایک ارب 73 کروڑ ڈالر رہا۔
چائنہ اور ہانگ کانگ کے سرمایہ کاروں نے پاکستان میں سب سے زیادہ سرمایہ کاری کی۔
11 ماہ میں چائنہ کے سرمایہ کاروں نے 52 کروڑ پاکستان میں انویسٹ کیے جبکہ ہانگ کانگ کے سرمایہ کاروں نے 32 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کی۔
امریکی سرمایہ کاروں نے 11 ماہ میں پاکستان میں صرف 13 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کی۔