وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری حکومتی ترجیح ہے۔
جمعرات کو وزیر اعظم شہباز شریف سے توانائی کے شعبے کے غیر ملکی ماہرین کے وفد نے ملاقات کی جس کی سربراہی جارجیا کے سابق وزیر اعظم نیکا گلاؤری کر رہے تھے۔
ملاقات کے دوران پاکستان میں پاور سیکٹر اصلاحات سے متعلق تفصیلی بات چیت ہوئی۔
اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ گردشی قرض ، لائن لاسز اور بجلی چوری توانائی شعبے کے بڑے مسائل ہیں، توانائی اصلاحات معاشی ترقی کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں۔
وزیر اعظم نے بتایا کہ ایسی پالیسی پر کام کر رہے ہیں جس سے گردشی قرضوں میں کمی ہو، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری اور آؤٹ سورسنگ حکومتی ترجیح ہے جبکہ پاورسیکٹر کی نجکاری اور آؤٹ سورسنگ پر جارجیا کا تجربہ استعمال کریں گے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت مہنگی بجلی پیدا کرنے والے ذرائع کی حوصلہ شکنی کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت متبادل توانائی خصوصاً شمسی توانائی کے شعبے کی ترویج کی خواہاں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ توانائی کے شعبے میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کو فروغ دیا جائے گا اور بجلی کے فی یونٹ نرخ میں کمی کے حوالے سے اصلاحات لائی جا رہی ہیں۔