ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں آج دن کے وقت موسم شدید گرم رہے گا تاہم شام کے وقت شمال مشرقی پنجاب، پوٹھوہار اور بالائی خیبرپختونخوا میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں بھی دن کے وقت گرم رہے گا تاہم شام کے وقت چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔ آج سب سے زیادہ درجہ حرارت سبی میں 48 ڈگری تک رہنے کی توقع ہے۔ جہلم میں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے لاہور میں 45، اسلام آباد میں 41 اور کراچی میں درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ شاہد عباس نے دعوی کیا ہے کہ آج رات سے موسم خوشگوار ہونے کا امکان ہے ۔ کہا لاہور میں ہلکی جبکہ پنجاب کے مختلف مقامات پر تیز بارش ہوگی۔ لاہور میں کل سے ہفتے تک موسم خوشگوار رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے بیشتر علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں ۔ سبی صوبے کا گرم ترین مقام رہا ۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 48 سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ۔ کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ صوبے کے وسطی اضلاع میں گرد آلود ہوائیں اور جھکڑ چلنے کا امکان بھی ہے۔