ملک اور قوم کی بقا کی خاطر وطن عزیز پر قربان ہونا ہی ایک سچے سپاہ سالار کی پہچان ہوتی ہے۔ چاہے عید ہو یا کوئی بھی تیوہار وطن کی خدمت اور حفاظت سے آگے کچھ نہیں، پاک فوج کے جوان وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے پر عزم ہیں۔ قوم کی خوشیاں پاک فوج کی قربانیوں سے وابستہ ہیں اور پاک آرمی کے یہ محافظ سیاچن کے برف پوش پہاڑوں پر بھرپور حوصلہ مندی اور بہادری سے عید مناتے ہیں۔
سیاچن کے 14 ہزار فٹ سے زائد بلندی پر پاک فوج کے یہ نڈر جوان سیاچن کے برف پوش پہاڑوں پر اپنی عیدیں سرحدوں کی حفاظت کے لیے قربان کرتے ہیں۔ اسی ملی جوش و جذبے سے سرشار سیاچن کے ڈومیل سیکٹر پر تعینات سندھ رجمنٹ کے ایک جانباز افسر لیفٹیننٹ محمد نعمان نے عید کے پر مسرت موقع پر اپنے احساسات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عید الاضحی کے موقع پر میں پاکستان کی عوام اور پاک فوج کے جوانوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ میں اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ آج کے عظیم دن پر میں بارڈر پر اپنے ملک کی حفاظت کا فریضہ سرانجام دے رہا ہوں۔
لیفٹیننٹ محمد نعمان نے کہا کہ عید کے دن بھی ہماری ذمہ داریاں جاری رہتی ہیں اور ہم عام دنوں کی طرح ملک کی حفاظت کو اولین ترجیح دیتے ہیں، عید کے دن ہم بارڈر کی نگرانی مزید کڑی کر دیتے ہیں۔ ہمارے کچھ نوجوان بارڈر کی حفاظت کرتے ہیں جبکہ باقی عید کی تیاریاں کرتے ہیں۔ ہماری وردی ہی ہمارا کفن ہوتی ہے اور عید کے دن ہمارا لباس بھی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج کے دن ہم اسپیشل کھانا پکاتے ہیں جو ہمیں گھر جیسی عید کا احساس دلاتا ہے۔ دفاع وطن کے لیے ہماری یہ پوسٹ ہی ہمارے گھر کی طرح ہے اور یہاں پر موجود ہر جوان ہی ہمارے لیے بہت اہم ہوتا ہے۔ کھانا کھانے کے بعد ہم سب ایک دوسرے کو عید کی مبارک باد دیتے ہیں اور پھر ہر جوان اپنے گھر بات کرکے عید کی مبارکباد دیتا ہے۔
لیفٹیننٹ محمد نعمان کا کہنا تھا کہ عید کے دن ہمارے بالا افسران ہر نوجوان سے خصوصی بات کرتے ہیں جس سے جوانوں کا حوصلہ ان پہاڑوں سے بھی زیادہ بلند ہو جاتا ہے۔ عید کے دن بھی ہم بارڈر کی پٹرولنگ کرتے ہیں اور دشمن کی غیر معمولی حرکات و سکنات پر نظر رکھتے ہیں۔ ہم کسی بھی ہنگامی صورتحال خواہ وہ دشمن کی طرف سے ہو یا سخت موسمی صورتحال، سے نمٹنے کے لیے ہمیشہ تیار رہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے عید کے دن کا اختتام بھنگڑے کے ساتھ ہوتا ہے اور ہر جوان اپنی مرضی کا گانا سنا کر عید کو اور بھی حسین بناتا ہے۔ میں اپنے ہم وطنوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ آپ کا پیار اور دعائیں ہی ہماری اصل طاقت اور حوصلہ ہے جس کی وجہ سے ہم ایک عید تو کیا ہزاروں عیدیں بھی وطن کی حفاظت کے لیے یہاں گزار سکتے ہیں۔ وطن سلامت رہے عید تو آنی جانی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ قوم کے ان بہادر بیٹوں کو تمام پاکستانیوں کا سلام، جب تک پاک آرمی کے یہ بہادر سپوت موجود ہیں وطن کو کوئی آنچ نہیں آ سکتی۔