وفاق کے اخراجات میں کمی کے لیے وفاقی حکومت کے حجم کو کم کرنے کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا اور وزیراعظم شہباز شریف نے اعلٰی اختیاراتی کمیٹی بھی تشکیل دیدی ۔
تفصیلات کے مطابق کمیٹی کی سربراہی وزیر خزانہ محمد اورنگ زیب کریں گے۔ منصوبہ بندی، ترقی، خصوصی اقدامات اور اقتصادی امور کے وزرا شامل ہوں گے۔ پاور ڈویژن اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے سیکرٹریز بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔ بلال اظہر کیانی، ڈاکٹر قیصر بنگالی اور ڈاکٹر فرخ سلیم بھی کمیٹی میں شامل ہوں گے۔ اعلٰی سطح کی کمیٹی کے ٹی او آرز بھی وضع کرلیے گئے۔ حکومتی امور کی انجام دہی کے لیے تجاویز اور ٹھوس پلان تیار کیا جائے گا۔ کمیٹی اثاثوں، انسانی وسائل اور دیگر امور کی حفاظت کا طریقہ کار تجویز کرے گی۔ کمیٹی پچھتر دنوں کے اندر اپنی سفارشات وزیراعظم کو پیش کرے گی۔ ضرورت کی بنیاد پر کسی بھی اضافی ممبر کو کمیٹی میں شامل کیا جاسکے گا۔