پیپلز پارٹی کی جانب سے وفاقی بجٹ پر تحفظات سامنے آنے کے بعد وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی جیالوں کو منانے کے لیے متحرک ہوگئے۔
چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو سے طویل ملاقات کرکے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کی، وزیرداخلہ محسن نقوی نے زرداری ہاؤس اسلام آباد میں بلاول بھٹو سے ملاقات کی جو ایک گھنٹہ جاری رہی۔ذرائع کےمطابق ملاقات کا ایجنڈا صرف پیپلز پارٹی کی ناراضی دور کرنا تھا۔
وزیرداخلہ نےپیپلزپارٹی کے تحفظات سنے،بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نے پیپلزپارٹی کےساتھ تحریری معاہدے کی پاسداری نہیں کی۔حکومت نے بجٹ کے حوالے سے کسی قسم کی مشاورت نہیں کی،اہم حکومتی اتحادی ہونے کےباوجود بجٹ کے لیے پیپلزپارٹی سے تجاویز نہیں لی گئیں۔
بجٹ اجلاس سے بائیکاٹ تب ہی ختم ہو گا جب ن لیگ معاہدوں کی پاسداری کرے۔وزیرداخلہ نے تحفظات دور کرنے کےلیے اپنا کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ اس سے پہلے محسن نقوی نے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے بھی ملاقات کی اور اُن کی خیریت دریافت کی۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نےمولانا فضل الرحمن کے لئے نیک خواہشات کا اظہارکیا۔اُن کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمن سےاُن کا پچیس سالہ پرانا تعلق اور عزت و احترام والا رشتہ ہے۔