اسلام آباد ہائیکورٹ نے سیشن عدالت کو عدت نکاح کیس میں سزا معطلی کیلئے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی درخواست پر دس روز میں فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں دوران عدت نکاح کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے فیصلہ سنادیا۔
عدالت نے کیس میں سزا معطلی کیلئے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی درخواست پر دس روز میں فیصلہ کرنے جبکہ سزا کیخلاف اپیلیں بھی ایک ماہ میں نمٹانے کی ہدایت کردی۔
بشریٰ بی بی کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے عدالت کو بتایا کہ کبھی نہیں دیکھا جج نے اس طرح اچانک کیس ٹرانسفر کیا ہو، سیشن جج نے کیس سنا اب ایڈیشنل سیشن جج کو ٹرانسفر کر دیا گیا، عدالت سیشن کورٹ کے لئے اپیل کا فیصلہ کرنے کے لئے وقت مقرر کرے۔
خاور مانیکا کے وکیل راجہ رضوان عباسی نے کیس کی اپیل ایڈیشنل سیشن جج سے سیشن جج کو ٹرانسفر کرنے کی مخالفت کردی، کہا خاور مانیکا نے جج پر اعتراض کیا،عدالت نے درخواست مسترد کردی۔ خاور مانیکا نے دوبارہ اعتراض کیا تو سیشن جج نے معاملہ ہائیکورٹ کو بھیج دیا۔