شہباز شریف کی زیر صدارت لاہور میں مسلم لیگ ن کے اہم رہنماؤں کا اجلاس ہوا، جس میں نواز شریف کی وطن واپسی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
لاہور میں سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے رانا تنویر حسین، رانا مشہود علی خان، سردار اویس خان لغاری اور دیگر رہنماؤں سے ملاقات کی۔
ملاقات میں رہنماؤں نے قائد نواز شریف کی وطن واپسی کے امور پر تبادلہ خیال کیا، رہنماؤں نے اپنے اپنے علاقوں میں نواز شریف کے استقبال کی تیاریوں کے بارے میں آگاہ کیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کا جذبہ قابل تحسین ہے، تاریخ اور وقت نے گواہی دی کہ نواز شریف اور ان کے ساتھیوں نے ایمانداری، خلوص اور محنت سے ملک و قوم کی خدمت کی۔
سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ قوم کے اتحاد سے ہی ملک کو مسائل سے نکالا جاسکتا ہے۔
سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف 21 اکتوبر کو لندن سے وطن واپس آرہے ہیں، مسلم لیگ ن نے اپنے قائد کے فیقد المثال استقبال کیلئے تیاریوں کا آغاز کردیا گیا۔