کسی چھوٹے ملک کی تمام بجلی کی ضرورت فراہم کرنے کی صلاحیت رکھنے والے دنیا کے سب سے بڑے سولر پلانٹ کو چین کے نیشنل گرڈ سے منسلک کر دیا گیا ہے۔
عالمی میڈیا کے مطابق شمال مغربی صوبے سنکیانگ کے صحرائی علاقے میں یہ سولر پارک دو لاکھ ایکڑ پر محیط ہے یعنی نیو یارک سٹی جتنا بڑا جس کی سالانہ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت چھ ارب کلو واٹ گھنٹے سے زیادہ ہے۔
پیر کو پانچ گیگا واٹ کے اس سولر پلانٹ کو چین کی نیشنل گرڈ سے منسلک کیا گیا جو لکسمبرگ یا پاپوا نیو گنی کے سائز کے ملک کی بجلی کی تمام ضروریات کو پورا کرنے صلاحیت رکھتا ہے۔ چین نے شمسی توانائی کو اپنانے میں دنیا کی قیادت کی ہے جہاں 2023 میں اس کی ماحول دوست صلاحیت میں 50 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔
بین الاقوامی توانائی ایجنسی (آئی ای اے) کی ایک حالیہ رپورٹ میں قابل تجدید ذرائع سے بجلی پیدا کرنے کی چین کی مہم کو ’غیر معمولی‘ قرار دیا گیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ چین نے گذشتہ سال اتنی شمسی توانائی کی صلاحیت حاصل کی جتنی پوری دنیا نے 2022 میں کی تھی۔