سماجی کارکن صارم برنی کو انسانی اسمگلنگ کے الزام میں کراچی ایئر پورٹ سے حراست میں لے لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق صارم برنی کو کراچی ایئر پورٹ سے اینٹی ہیومن اینڈ ٹریفکنگ پولیس نے حراست میں لیا۔ امریکی حکومت کی شکایت پر صارم برنی کو گرفتار کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ کافی عرصے سے ان کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جا رہی تھی، وہ جیسے ہی امریکا سے ایئرپورٹ پر کراچی پہنچے تو انھیں گرفتار کیا گیا۔
صارم برنی اور انکے ٹرسٹ نے بچوں کو قانونی تقاضے پورے کیے بغیر امریکا میں ایڈاپٹ کرایا۔ ایف آئی اے کے مطابق معاملے کی تحقیقات شروع کردی گئیں۔
دوسری جانب تمام الزامات کی تردید کرتے ہوئے صارم برنی نے کہا کہ بہت سارے لوگوں نے میری ذات پر کیچڑ اچھالے ہوئے ہیں، ہمیشہ چپ رہا ہوں، جو نہیں کہنا چاہتا تھا وہ بھی بتاؤں گا، اب بولوں گا اور اچھا خاصہ بولوں گا۔ کچھ لوگوں نے بولنے پر مجبور کردیا ہے، جس کو اللہ عزت دے اس کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا۔