آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین عمران خان اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو سائفر کیس میں نوٹس جاری کرتے ہوئے 4 اکتوبر کو عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کردی۔
آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے سائفر کیس کا چالان جمع ہونے کے بعددونوں ملزمان کو نوٹس جار ی کئے۔ جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے ریمارکس دیے کہ گواہان کے بیانات ملزمان کو نوٹس جاری کرنے کے لیے کافی ہیں۔
عدالت کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹس میں کہا گیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی اڈیالہ جیل میں قید ہیں،دونوں کی عدالت پیشی کے لیے سپریٹننڈنٹ اڈیالہ جیل کو نوٹس جاری کیا جاتا ہے کہ وہ چار اکتوبر کو دونوں ملزمان کو عدالت میں پیش کریں۔
دوسری جانب آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت نے پی ٹی آئی کے وکیل خالد یوسف کی سائفر کیس کی نقول فراہم کرنے کی درخواست منظور کرلی، عدالتی عملے نے بتایا کہ نقول کی کاپیاں فراہم کرنے کے لیے ایک دن درکار ہوگا، چالان کی نقول بدھ تک فراہم کردی جائیں گی۔