وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہاہے کہ تجارتی راہداریوں کو عالمی معیار پر لانے اور دیگر ممالک سے منسلک کرنے کیلئے ہر وقت تیار ہیں، پاکستان معاشی و اقتصادی سرگرمیوں کے لئے خطے کے دوسرے ملکوں سے مکمل تعاون کرے گا۔
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان روڈ ٹو ٹین شین میں ریجنل فورم میں پاکستان کی نمائندگی کررہے ہیں، تاجکستان میں انٹرنیشنل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وسط ایشیا کے سلک روٹ کوریڈورکی ڈیجیٹلائزیشن پر کام کر رہے ہیں۔ زیر تعمیر شاہراہوں میں سیٹلائٹ ٹیکنالوجی کے ذریعے مانیٹرنگ یقینی بنائیں گے۔ پاکستان، چین، کرغزستان اور قازقستان پہلے ہی ٹرانزٹ معاہدے میں شامل ہیں۔ سینٹرل ایشیا کیلئے کراچی اور پورٹ قاسم کی طرح گہرے سمندر کی بندرگاہ گوادر بھی دستیاب ہے۔ وفاقی وزیر مواصلات نے خطے کی تمام ریاستوں کو پاکستان سے ہر طرح کی معاونت کی پیشکش کی۔ کہا یہ عالمی کانفرنس پاکستان تاجکستان کے مابین ترقی و خوشحالی کی نئی راہیں کھولے گی۔ پاکستان ایسے مثبت فورمز کی حوصلہ افزائی کرتا رہے گا۔