پنجاب کے اسکولوں میں چار روز بعد تعلیمی سرگرمیاں بحال ہوگئیں۔صوبے بھر میں آشوب چشم کا پھیلاؤ روکنے کے لئے اسکولز کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا
پنجاب بھر میں آشوب چشم کا پھیلاؤ روکنے کے لیے بند کیے جانےوالے اسکولز پھر سے کھل گئے، بچوں کو آنکھوں کی چیکنگ کےبعد اسکول داخل ہونے کی اجازت ملی۔
واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی جانب سے صوبے بھر میں آشوب چشم کا پھیلاؤ روکنے کے لئے اسکولز کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔تاہم ،صوبے کے اسکولز میں 4 روز بعد تعلیمی سرگرمیاں پھر سے بحال ہوگئی ہیں اور چھٹیوں کے بعد پہلے روز اسکول آنے والے طلبا ء کی تعداد معمول کے مطابق ہے اور بچوں کو آنکھوں کی چیکنگ کے بعد اسکولز میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی۔
مرکزی دروازوں پر اساتذہ بچوں کو چیک کرتے رہے اور متاثرہ طلبا کو گھر واپس بھجوادیا گیا ۔اساتذہ اور بچوں نے آشوب چشم کے کیسز میں کمی کیلئے چھٹیوں کے فیصلے کو مثبت قراردیا ۔
یاد رہے کہ تمام اسکولز آشوب چشم کے حوالے سے بنائے گئے ایس او پیز اور ہدایات پر عمل کرانے کے پابند ہوں گے۔