اسلام آباد کے حلقے این اے 47 میں مبینہ دھاندلی کے کیس میں نوٹس کے باوجود پیش نہ ہونے پر الیکشن ٹریبونل نے حلقے کے ریٹرننگ افسر پر جرمانہ عائد کردیا۔
اسلام آباد سے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار شعیب شاہین کی جانب سے این اے 47 میں دھاندلی کے خلاف درخواست پر الیکشن ٹریبونل میں سماعت ہوئی۔ شعیب شاہین کی جانب سے وکلا اور الیکشن کمیشن کا وکیل عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔
جسٹس طارق محمود جہانگیری نے الیکشن کمیشن کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا آپ نے یہ جواب دینا ہے کہ شفاف الیکشن کرایا تھا۔ وکیل نے جواب دیا ہمارا سافٹ وئیر پریذائڈنگ آفیسر نے نہیں ریٹرننگ افسر نے استعمال کیا۔
نوٹس کے باوجود پیش نہ ہونے پر ٹریبونل نے حلقے کے ریٹرننگ افسر پر پندرہ ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا۔ شعیب شاہین کی درخواست پر مزید سماعت 5 جون کو ہوگی۔