پاکستان میں پولیو وائرس کے پھیلاؤ کی صورتحال مزید سنگین ہوگئی ۔ کراچی اورلاہور سمیت 5 بڑے شہروں میں وائرس کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔ 8 ماحولیاتی نمونے مثبت نکل آئے۔
پاکستان میں پولیو کےخاتمےکی کوششوں کو بڑا دھچکہ لگ گیا۔ کراچی اور لاہور سمیت 5 بڑے شہروں میں پولیو وائرس کے مزید 8 ماحولیاتی نمونے مثبت نکل آئے۔ قومی ادارہ صحت کی ریجنل پولیو لیبارٹری نےتصدیق کر دی۔ رواں سال صرف پانچ ماہ میں ملک کے 39 اضلاع میں پولیو کے مثبت ماحولیاتی نمونوں کی تعداد 150 کے قریب جا پہنچی ۔
این آئی ایچ کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقوں کیماڑی اور ملیر میں سیوریج کے پانی میں 3 مقامات پر پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ۔ لاہور ، حیدرآباد اور جیکب آباد کے ایک ایک ماحولیاتی نمونے میں پولیو وائرس پایا گیا۔ سکھر شہر کے 2 ماحولیاتی نمونوں میں بھی پولیو وائرس مثبت آیا ۔
لاہور سے ماحولیاتی نمونے14 مئی کو ۔ جیکب آباد میں 7 مئی اور حیدرآباد سے 8 مئی کو لئے گئے تھے ۔ کراچی اور حیدرآباد سے بھی پانچ نمونے رواں ماہ قومی ادارہ صحت کی لیبارٹری بھجوائےگئے۔ تمام نمونےمثبت نکلے۔ اس سے ملک میں پولیو پھیلنے کے خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔