آئی ایم ایف نے دودھ اور گوشت کی قیمت طے کرنے کا اختیار ڈپٹی کمشنرز سے واپس لینے کا مطالبہ کردیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے آئی ایم ایف نے پاکستان سے مطالبہ کیا کہ دودھ اور گوشت کی قیمتیں ڈی ریگولیٹ کر کے مارکیٹ پر چھوڑ دی جائیں، جس کے بعد حکومت نے آئی ایم ایف کے مطالبے پر مشاورت شروع کر دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے قیمتوں کو ڈی ریگولیٹ کرنے سے متعلق سمری ای سی سی کو منظوری کیلیے بھیجی جائے گی، دوسری جانب وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ نے قیمتوں کی ڈی کیپنگ پر مشاورت طلب کی ہے، کنزیومرز ایسوسی ایشن اور اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کر کے جلد عمل شروع کر دیا جائے گا۔
اس کے علاوہ پاکستان ڈیری کیٹل اینڈ فارمرز ایسوسی ایشن نے قیمتوں کو ڈی ریگولیٹ کرنے کی کوششوں کا خیر مقدم کیا ہے، اور آئی ایم ایف کے مطالبے پر دودھ کی قیمتوں کا مارکیٹ کے مطابق تعین کرنے کے لیے اصولی اتفاق کیا ہے۔
واضح رہے کہ آئی ایم ایف کے اس مطالبے کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ آئی ایم ایف دودھ اور گوشت کی قیمتیں مقرر کرے گا، اس مطالبے کا مطلب یہ ہے ان اجناس کی قیمتوں کا تعین تاجر حضرات، قصابان اور ڈیری فارمرز کو کرنے دیا جائے۔






















