خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں گلاف اور فلیش فلڈ کا خطرہ ہے، پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا نے الرٹ جاری کردیا۔
اعلامیے کے مطابق صوبے میں شدید گرمی برقرار ہے، گرمی کے باعث گلیشیئرز تیزی سے پگھلنے لگے، جس سے گلاف کے خطرات میں اضافہ ہوگیا ہے۔
اپرو لوئر چترال، دیر، سوات، کوہستان اور مانسہرہ کے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کردیا گیا، مراسلے کے مطابق سوات، چترال، دیر، کوہستان اور مانسہرہ میں گلیشیائی جھیلیں پھٹنے کا خدشہ ہے۔ لینڈ سلائیڈنگ، مٹی اور پتھروں کے تودے گرنے سے رابطہ سڑکیں متاثر ہونے کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق 4 جون سےبالائی علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے، ندی نالوں اور دریاؤں میں اچانک طغیانی سے سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے، سیاح غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور حساس علاقوں میں احتیاط برتیں۔ ضلعی انتظامیہ کو بروقت وارننگ اور انخلائی منصوبے فعال رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔






















