خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) ایپکس کمیٹی کا اجلاس جاری ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت اجلاس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھی اجلاس میں شریک ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب، سندھ،بلوچستان اور خیبرپختونخوا بھی اجلاس میں شریک ہیں۔
وزیراطلاعات، وزیرخزانہ، وزیردفاع، وزیرمنصوبہ بندی، وزارت تجارت، وزیر قانون و انصاف وزیر آبی وسائل اور ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار بھی ایس آئی ایف سی اجلاس میں موجود ہیں۔
خصوصی سرمایہ کاری سے متعلق منصوبوں کی منظوری سمیت اہم فیصلے متوقع ہیں۔ ایپکس کمیٹی اجلاس میں ایگزیکٹو کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق بھی کی جائے گی۔
وزیر داخلہ اسمگلنگ روکنے کی کارروائیوں پر بریفنگ دیں گے ۔ متحدہ عرب امارات کی 10 ارب ڈالرز سرمایہ کاری پر بریفنگ بھی ایجنڈے کا حصہ ہے ۔ شرکا کو ملک کی داخلی سیکیورٹی صورتحال سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔
اجلاس کو دوران بریفنگ بتایا گیا کہ چینی فرم کا کان کنی اور معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری بڑھانے میں اظہار دلچسپی کیا ہے، چینی فرم کو کان کنی میں سرمایہ کاری کےلئے سہولتیں دینے کی یقین دہانی کرادی گئی ہے۔
شرکاء کو مزید سرمایہ کاری کے منصوبوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا، پاکستان میں کام کرنے والے چینی شہریوں کی فول پروف سکیورٹی پر بریفنگ بھی دی گئی، شرکاء کو بتایا گیا کہ چین نے توانائی اور انفراسٹرکچر کے منصوبوں میں 65 ارب ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری کی۔
اجلاس میں سعودی عرب، یواے ای، جاپان، آذربائیجان، قطر ودیگر ممالک کے وفود سے گفتگو پر مشاورت کی گئی جبکہ پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئےایس آئی ایف سی کا کرداراہم قرار دے دیا گیا۔