وزیر اعظم شہباز شریف نے چینی ٹیکسٹائل انڈسٹری کو پاکستان میں صنعتیں لگانے کی دعوت دے دی۔
جمعہ کو وزیر اعظم شہباز شریف سے چینی کمپنیوں کے نمائندوں نے ملاقات کی جس کے دوران انہوں نے چینی ٹیکسٹائل انڈسٹری کو پاکستان میں صنعتیں لگانے کی دعوت دی۔
ملاقات کے دوران وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سی پیک فیز ٹو کے حوالے سے بھرپور تیاری کر رہے ہیں، پاک چین دیرینہ برادرانہ تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں، چین پاکستان کی ترقی میں اہم شراکت دار ہے، ہر بُرے وقت میں پاکستان کی مدد کی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مجھ سمیت پوری قوم چینی قیادت اور چینی عوام کی مشکور ہے، پاکستان ہر محاذ پر چین کے ساتھ کھڑا رہے گا ، چینی شہریوں کی سیکیورٹی اور تحفظ حکومت کی اوٌلین ترجیح ہے، پاکستان میں مقیم چینی شہریوں کو فول پروف سیکیورٹی کیلئے تمام اقدامات اٹھا رہے ہیں اور چینی شہریوں کی سیکیورٹی کے حوالے سےجامع پلان ترتیب دیا گیا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ چینی کمپنیوں اسپیشل اکنامک زونز میں صنعتیں لگائیں ، میرے آنے والے دورہ چین کا محورسی پیک فیزٹو اور پاک چین معاشی تعلقات ہونگے، دورے میں پاکستان اور چین کے درمیان معاشی تعلقات پر فوکس ہو گا ، برآمدات بڑھانے کے حوالے سے چینی تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔
وزیر اعظم نے چینی کمپنیوں کو پاکستان میں الیکڑک اور ہائبرڈ گاڑیوں کے پلانٹ لگانے کی بھی دعوت دی اور کمپنیوں کے تمام تر مسائل حل کرنے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر چینی کمپنیوں کے نمائندوں نے پاکستان میں کاروبار و سرمایہ کاری مزید بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔