وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے حساس اداروں کے ہمراہ غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کیخلاف بڑا سرچ آپریشن کیا ہے۔
پاکستان میں صرف وہی غیر ملکی رہائش رکھ سکتے ہیں جن کے پاس مطلوبہ دستاویزات موجود ہوں، قانون پر عملدآرمد یقینی بنانے کیلئے غیر قانونی مقیم اور جرائم پیشہ افراد کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔
کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ اور حساس اداروں نے بھارہ کہو، ترنول، مہرآبادی، گولڑہ، شمس کالونی اور دیگر علاقوں میں کارروائیاں کیں، خفیہ معلومات کی روشنی میں تیار کردہ فہرستوں پر کیئے گئے آپریشن کے دوران 800 افغان باشندوں سے پوچھ گچھ کی گئی۔
ترجمان کے مطابق کوئی شناختی دستاویز نہ رکھنے والے 375 افغان باشندے غیر قانونی قیام کی پاداش میں پکڑے گئے، متعدد جرائم پیشہ افغان باشندوں کی بھی نشاندہی۔ ملزمان کو قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد پاکستان بدر کر دیا جائے گا۔ دوران آپریشن رہائشی ثبوت فراہم کرنے پر 400 افغان باشندوں کو چھوڑ دیا گیا جبکہ 25 افغان اپنی دستاویزات کی تصدیق ہونے تک زیر حراست رہیں گے۔