خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل ( ایس آئی ایف سی ) کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس 25 مئی کو طلب کرلیا گیا، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کو شرکت کی دعوت نہیں دی گئی۔
وزیر اعظم آفس سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف 25 کو ہونے والے ایس آئی ایف سی کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔
اجلاس میں خصوصی سرمایہ کاری کے حوالے سے منصوبوں کی منظوری دی جائے گی ۔
اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں شرکت کیلئے وزیر دفاع، منصوبہ بندی، صنعت و پیداوار، قانون و انصاف، توانائی ، پٹرولیم و آبی ذخائر اور اطلاعات و نشریات کے وزراء ، وزیر مملکت برائے آئی ٹی و ٹیلی کام ، سندھ، پنجاب، بلوچستان کے وزرائے اعلیٰ اور سیکرٹری ایپکس کمیٹی کو مدعو کیا گیا ہے۔
اعلامیہ میں یہ بھی کہا گیا کہ اجلاس میں شرکت صرف وہی لوگ کر سکیں گے جنہیں دعوت نامے جاری کیے گئے ہیں۔
نوٹیفکیشن میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کو اجلاس میں شرکت کی دعوت نہیں دی گئی۔
مشیر خزانہ کے پی کا رد عمل
مشیر خزانہ خیبرپختونخوا وزیراعلیٰ کے پی کو اجلاس میں نہ بلانے پر ناراض ہوگئے اور اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعلی علی امین گنڈاپور کو نہ بلانا بغض اور اصولوں کے خلاف ہے۔
مشیر خزانہ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کے علاوہ تمام وزراء اعلیٰ کو اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے، علی امین گنڈاپور کو نہ بلانا عوامی مینڈیٹ کی توہین ہے۔