مسلم لیگ نواز کے رہنما اور وزیر اعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے وزارت بین الصوبائی رابطہ کا باقاعدہ چارج سنبھال لیا۔
وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ کی زیر صدارت وزارت بین الصوبائی رابطہ کا اجلاس ہوا جس میں انہیں وزارت کے امور پر بریفنگ دی گئی اور ملک میں ساؤتھ ایشین گیمز کے انتظامات اور تیاری کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
ساؤتھ ایشین گیمز کے انتظامات پر وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناءاللہ نے اظہار اطمینان کیا۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ ساؤتھ ایشین گیمز میں بین الاقوامی معیار کو ہدف رکھا گیا ہے، ساؤتھ ایشین گیمز کا انعقاد جدید ماڈل پر کریں گے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے وژن کے مطابق ملک میں کھیلوں کی ترقی اور فروغ کے لئےہر ممکن اقدامات کریں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ساؤتھ ایشین گیمز اور دیگر انٹرنیشنل ایونٹس سے دنیا میں پاکستان کا امیج بہتر ہوگا۔