اسلام آباد ہائیکورٹ نے ٹیریان وائٹ کیس میں بانی تحریک انصاف عمران خان کی نااہلی کی درخواست مسترد کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔
جسٹس طارق محمود جہانگیری کی سربراہی میں تین رکنی لارجربینچ نے نااہلی کی درخواست مسترد کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کیا جس میں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کی نااہلی کیلئے درخواست 20 اگست 2022 کو دائر ہوئی، ابتدائی طور پر چیف جسٹس عامر فاروق پر مشتمل سنگل رکنی بینچ نے درخواست پر سماعت کی۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ 2 فروری کو چیف جسٹس عامر فاروق نے درخواست پر لارجر بینچ تشکیل دینے کی سفارش کی اور بطور چیف جسٹس 9 فروری کو درخواست پر لارجر بینچ تشکیل دیا۔۔
بینچ میں چیف جسٹس عامرفاروق، جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس ارباب محمد طاہر شامل تھے اور 3 رکنی لارجر بینچ کی جانب سے درخواست پر دونوں فریقین کے دلائل کے بعد فیصلہ محفوظ کیا گیا، 10 مئی کو لارجر بینچ میں شامل دو ججز نے اپنا فیصلہ جاری کردیا۔
تحریری فیصلے کے مطابق چیف جسٹس عامرفاروق نے درخواست سننے سے معذرت کرتے ہوئے 2 ججز کا فیصلہ سیل کردیا اور درخواست پر نیا تین رکنی لارجر بینچ تشکیل دیا، آج دونوں فریقین اور صحافیوں کی موجودگی میں دو ججزکا سیل شدہ فیصلہ کھولا گیا جس میں جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس ارباب محمد طاہر نے درخواست کو مسترد کردیا تھا۔
فیصلے میں مزید کہا گیا کہ اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ درخواست پر مزید کارروائی کی ضرورت نہیں اور عدالتی فیصلے کی تفصیلی وجوہات بعد میں جاری کی جائیں گی۔