وفاقی وزیرعبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی ہیلی کاپٹر حادثے میں ناگہانی موت پردل رنجیدہ ہے۔ صدر رئیسی و دیگرافراد کی موت نے عالم اسلام کو سوگوار کردیا۔
صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے کہا کہ بلاشبہ یہ حادثہ بڑی افسردگی،ایرانی قوم کیلئے ناقابل تلافی نقصان ہے، غم کی اس گھڑی میں ایرانی بہن بھائیوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، اللہ تعالیٰ ایرانی صدرسمیت دیگرجاں بحق افرادکےدرجات بلندفرمائے۔
عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ صدررئیسی سیاسی اعتبار سے بلندقامت شخصیت کے مالک، مضبوط آواز تھے، ایرانی صدر کے حالیہ دورہ سے پاک ایران تعلقات کونئی شناخت ملی تھی، عالم اسلام، خطے میں امن کیلئے مرحوم کی خدمات ہمیشہ یادرکھی جائیں گی۔
واضح رہے کہ ایرانی صدر کے معاون نے ہیلی کاپٹر حادثے میں ابراہیم رئیسی اور ایرانی وزیرخارجہ کی موت کی تصدیق کردی۔ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والے حادثے کی تقریباً 14 گھنٹے بعد ریسکیو ٹیموں کو ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیا۔
ایرانی صدر کے معاون نے ہیلی کاپٹر حادثے میں ابراہیم رئیسی اور ایرانی وزیرخارجہ سمیت سوار تمام افراد کی موت کی تصدیق کردی۔ ہیلی کاپٹر میں ایرانی وزیر خارجہ امیرعبد الہیان، مشرقی آذربائیجان کے گورنر ملک رحمتی اور صوبے میں ایرانی صدر کے نمائندے آیت اللہ محمد علی بھی سوار تھے۔