اسلام آباد پولیس نے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کو گرفتار کرلیا۔
اسلام آباد پولیس نے آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم سردار تنویر الیاس کو نجی کمپنی کے دفتر پر حملے کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق سردار تنویر الیاس کے خلاف مقدمہ 6 سنگین دفعات کے تحت درج کیا گیا تھا۔
ترجمان اسلام آباد پولیس نے گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تنویر الیاس کیخلاف تھانہ مارگلہ میں مقدمہ درج ہے اور انہیں تھانہ مارگلہ پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد گرفتار کیا ہے۔
ایف آئی آر تھانہ مارگلہ میں سردار تنویر الیاس، محمدعلی،انیل سلطان ، رضوان اور دیگر نامعلوم افراد کیخلاف درج کی گئی ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق تنویر الیاس بیس سے پچیس افراد کے مسلح جتھے کے ہمراہ دفتر میں تالا توڑ کر داخل ہوئے اور جان سے مارنے کی دھمکی دی جبکہ دفترمیں سیکیورٹی اہلکار پر تشدد بھی کیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزمان پہلے بھی ایسی کارروائی کرچکے ہیں۔