مولانا فضل الرحمان نے جنوری میں انتخابات کرانے کے اعلان پر تحفظات کا اظہار کردیا۔ کہتے ہیں کہ الیکشن کروانا الیکشن کمیشن کا کام ہے، جنوری میں بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے بیشتر علاقوں کے لوگ ووٹ نہیں ڈال سکیں گے۔
فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ساڑھے 3 سال میں پی ٹی آئی نے اسٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کے حوالے کردیا، پی ڈی ایم کی حکومت نے ڈیڑھ سال میں ملک کو دیوالیہ پن سے نکالا۔
انہوں نے جنوری میں عام انتخابات کے اعلان پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کروانا نہ کروانا الیکشن کمیشن کا کام ہے، جنوری میں بلوچستان کے بیشتر علاقوں اور تمام خیبر پختونخوا میں لوگ ووٹ نہیں ڈال سکیں گے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام الیکشن اپنے ٹکٹ پر لڑے گی، ضلعی تنظیم اپنی سطح پر الیکشن کیلئے اتحاد کرسکتی ہے، عمران خان کا اب کوئی مستقبل نہیں۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو واپسی پر خوش آمدید کہیں گے، نواز شریف کو واپس آنے اور سیاست کرنے کا حق ہے، نواز شریف کی واپسی پر ہم سے کوئی رابطہ نہیں، واپس آرہے ہیں تو کوئی پلان کرکے آرہے ہوں گے۔
جے یو آئی ف کے رہنماء کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کو سیاست میں نہیں ہونا چاہئے، تحریک انصاف کے نظریات اور ایجنڈا پاکستان کیخلاف ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ فاٹا انضمام سے وہاں کے لوگوں کو ثمرات نہیں ملے، موجودہ حالات میں خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں کوئی امیدوار الیکشن مہم نہیں چلاسکتا۔