کسان بورڈ نے احتجاج رکوانے کیلئے مرکزی اور صوبائی عہدیداران کی گرفتاری کا دعوی کردیا۔
صدر کسان بورڈ سردار ظفر حسین کا کہنا ہے کہ احتجاج رکوانے کیلئےرہنماوں کو گرفتارکیا جارہا ہے، چیئرمین کسان بورڈ پاکستان جام حضوربخش کو پولیس نے گرفتار کرلیا، نائب صدر کسان بورڈ پاکستان امان اللہ چھٹہ کو بھی حافظ آباد سے گرفتار کرلیا گیا۔
ترجمان کے مطابق کسان بورڈ فیصل آباد ڈویژن کے صدر علی گورائیہ اور نائب صدر کسان بورڈ پنجاب میاں ریحان الحق کو بھی گرفتار کرلیا گیا، کسان بورڈ ٹوبہ ٹیک سنگھ کےجنرل سیکرٹری سرور بھٹی، ضلع چنیوٹ کسان بورڈ کے سابق صدر ذوالفقار شاہ اور حمید الدین اعوان گوجرانوالہ سے گرفتار کیا گیا۔
سردار ظفر حسین کا کہنا ہے کہ پولیس پورے پنجاب میں کسان بورڈ رہنماؤں کی گرفتاریوں کیلئے چھاپے مار رہی ہے، آج ہر صورت لاہور میں وزیر اعلیٰ پنجاب دفتر تک کسان مارچ ہوگا۔