ایشین گیمز میں پاکستان ہاکی ٹیم کو پہلی شکست کا سامنا کرنا پڑا، بھارت نے 10-2 سے کامیابی حاصل کی۔
چین کے شہر ہانگزو میں جاری 19ویں ایشین گیمز کے پول میچ میں بھارت نے پاکستان کو دو کے مقابلے میں 10 گول کے بڑے مارجن سے شکست دیدی۔
بھارتی ہاکی ٹیم نے ایشین گیمز کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا جبکہ پاکستان اور جاپان کے مابین سیمی فائنل تک رسائی کا فیصلہ کن میچ 2 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔
عالمی رینکنگ میں بھارتی ہاکی ٹیم تیسرے نمبر پر جبکہ پاکستان کی عالمی رینکنگ 15 ہے۔ بھارت کی جانب سے ہرمن پریت سنگھ نے 4 اور ورون کمار نے دو گول کئے، مندیپ سنگھ، سمیت، شمشیر سنگھ اور للت کمار نے ایک ایک گول کیا۔
پاکستان کی جانب سے محمد سفیان اور عبدالواحید نے ایک ایک گول کیا۔
پاکستان ٹیم اب تک چار میچز کھیل چکی ہے، جن میں یہ قومی ٹیم کی پہلی شکست ہے۔
پاکستان ہاکی ٹیم کو سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے 2 اکتوبر کو جاپان کیخلاف میچ جیتنا ضروری ہے، میچ پاکستانی وقت کے مطابق 3 بج کر 30 منٹ پر کھیلا جائے گا۔
ایشین گیمز ہاکی مقابلوں میں 12 ٹیمیں شرکت کررہی ہیں، ٹیموں کو 2 پولز میں تقسیم کیا گیا ہے، پاکستان، بھارت، جاپان، بنگلہ دیش، سنگاپور اور ازبکستان کی ٹیمں پول اے میں جبکہ کوریا، ملائیشیا، چین، عمان، تھائی لینڈ اور انڈونیشیا کی ٹیمیں پول بی میں ہیں۔