امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان تھامس ویسٹ نے کہا ہے کہ ٹی ٹی پی کو طالبان کی حمایت حاصل ہے اور دونوں کے درمیان گہرے تعلقات ہیں۔ انہوں نے پاکستان کو دہشت گردی کیخلاف جنگ میں مددگار قرار دیا۔
کالعدم تحریک انصاف پاکستان کے مسئلے پر امریکا اور پاکستان ہم آواز ہوگئے۔ امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان نے پاکستانی مؤقف کی تائید کردی۔
ایک انٹرویو میں تھامس ویسٹ نے کہا کہ تحریک طالبان پاکستان خطے کے امن کیلئے شدید ترین خطرہ ہے، پاکستان نے ٹی ٹی پی کو سرحد پار دھکیل دیا تو وہ طالبان کے اتحادی بن گئے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کیخلاف جنگ میں رکاوٹ نہیں مددگار ہے، پاکستان میں ٹی ٹی پی کی جانب سے افغان سرزمین کو استعمال کرکے حملوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
اس سے پہلے امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان کے سفارتی دباؤ پر افغان حکومت نے چترال حملے میں ملوث 200 ٹی ٹی پی جنگجوؤں کو حراست میں لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغان طالبان اور ٹی ٹی پی آپریشنل اور مالی معاونت میں ایک پیج پر ہیں، افغان طالبان ٹی ٹی پی کو لاجسٹک سپورٹ بھی فراہم کرتے رہے ہیں۔