جمعیت علماء اسلام ( جے یو آئی ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ عوام نے عام انتخابات میں نو مئی کا بیانیہ دفن ہوگیا ہے، پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) سے الائنس دور کی بات ہے ابھی فی الحال سیز فائر ہے۔
فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اس وقت اقلیت حکومت کررہی ہے کیونکہ پاکستان پیپلز پارٹی اقتدار کا حصہ نہیں ، تمام آئینی عہدے لینے کے باوجود پیپلزپارٹی حکومت کا حصہ نہیں بنی ۔
سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ سیاستدانوں کو فکر کرنا ہوگی کہ ہمارےالیکشن متنازع ہوتے ہیں، الیکشن کے مسلسل متنازعہ ہونے سے جمہوریت کا مقدمہ کمزور ہوتا ہے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ملک کا نظام اس وقت خراب ہے، آئین موجود ہے لیکن اس پرعملدرآمد نہیں ہو رہا، 18 ویں ترمیم کیلئے بھی مل کربیٹھے تھے، جب آئین پرعمل ہی نہیں کرنا تو آئین کیوں بنایا؟۔
انہوں نے کہا کہ ہماری سیاست کھلی سیاست ہے ، اداروں کو اپنے دائرہ کار کے اندر جانا ہوگا، 9 مئی پر الیکشن سے پہلے یا بعد کی صورتحال کا جائزہ لینا ہے ، اسٹیبلشمنٹ اب بند گلی میں جا چکی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی طرف سے سیز فائر خوش آئند ہے، پیپلز پارٹی آئینی عہدے بھی لے رہی ہے اور کہتی ہے حکومت میں نہیں۔