لاہور میں 30 منٹ میں 6 وارداتیں کرنے والا 6 رکنی ڈکیت گینگ شاہدرہ پولیس کے ہتھے چڑھ گیا۔
صوبائی دارالحکومت کے علاقے شاہدرہ میں تین موٹر سائیکلوں پر 30 منٹ میں 6 وارداتیں کرنے والے 6 ڈاکو بلاآخر پولیس کے ہتھے چڑھ گئے ہیں، موٹرسائیکل سوار ڈاکو لوٹ مار کے بعد شیخوپورہ میں روپوش ہو جاتے تھے۔
ڈاکوؤں کا طریقہ واردات انتہائی خوفناک تھا، لوٹ مار کے لیے نکلتے اور ہر گینگ ممبر کے لیے ایک واردات کی جاتی ، چھ ڈکیتیاں مکمل کرنے کے بعد ملزمان روپوش ہو جاتے تھے۔
متاثرہ شہری کے مطابق یہ گینگ واردات کے لیے شاہدرہ سرکل میں ایک بار پھر داخل ہوا تو پولیس سے سامنا ہوگیا۔
فائرنگ کے تبادلے میں دو ڈاکو زخمی اور چار فرارہوگئے، پولیس نے پیچھا نہ چھوڑا اور مفرور ڈاکووں کو بھی دھرلیا۔
اے ایس پی شاہدرہ سرکل سید احسان شاہ نے بتایا کہ گرفتار ملزمان نے انکشاف کیا کہ گینگ کا سرغنہ محسن بے روزگار نوجوانوں کو امیر بننے کا خواب دکھا کر وارداتوں کے لیے تیارکرتا تھا ، ملزم کے بیشتر شاگرد جیل میں سزا کاٹ رہے ہیں۔