انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) نے اپریل 2024 کے لئے پلیئر آف دی منتھ کا اعلان کر دیا۔
آئی سی سی کے مطابق متحدہ عرب امارات ( یو اے ای ) کے کپتان محمد وسیم کو شاندار کارکردگی دکھانے پر اپریل کے لیے آئی سی سی مینز پلیئر آف دی منتھ قرار دے دیا گیا ہے۔
محمد وسیم پاکستان کے فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی اور نمیبیا کے کھلاڑی گیرہارڈ ایراسمس کو شکست دے کر یو اے ای سے آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ جیتنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔
محمد وسیم کا کہنا تھا کہ آئی سی سی مینز پلیئر آف دی منتھ کا ایوارڈ جیتنا ایک بہت بڑا اعزاز ہے اور میں دنیا بھر سے ایوارڈ جیتنے والوں کی ممتاز فہرست میں شامل ہونے پر بہت خوش ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ایوارڈ کھلاڑیوں کے لیے خاص طور پر متحدہ عرب امارات جیسی ابھرتی ہوئی کرکٹ ٹیموں کے لیے ایک بڑا محرک ہے، گزشتہ ماہ عمان میں ہونے والے اے سی سی پریمیئر کپ میں ہمارا ہدف اگلے سال ہونے والے ایشیا کپ کے لیے کوالیفائی کرنا تھا اور مجھے اپنی ٹیم اور ٹورنامنٹ میں ان کی کارکردگی پر فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ذاتی طور پر مجھے خوشی ہے کہ میں نے ٹیم کی قیادت خاص طور پر فائنل میں کی، کسی بڑے کھیل میں سنچری اسکور کرنا واقعی ایک خاص لمحہ ہوتا ہے، خاص طور پر جب اس سے ٹیم کو فتح میں مدد ملتی ہے۔
اکتوبر 2021 میں بین الاقوامی کرکٹ میں ڈیبیو کرنے کے بعد سے وسیم متحدہ عرب امارات کے بیٹنگ آرڈر کا ایک اہم جزو رہے ہیں، وہ پہلے 1289 رنز کے ساتھ ون ڈے فارمیٹ میں اپنی ٹیم کے لیے تیسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں۔
وسیم ٹی 20 انٹرنیشنل میں 40 کے قریب ایوریج اور 154.69 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 1977 رنز کے ساتھ متحدہ عرب امارات کے لیے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں۔
وسیم نے اے سی سی پریمیئر کپ کے فائنل میں تیسری ٹی ٹوئنٹی سنچری کر کے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا اور انہیں ٹورنامنٹ میں 269 رنز بنانے پر سیریز کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔