چیف آف آرمی سٹاف ( سی او اے ایس ) جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ مادر وطن کے دفاع کے لئے جان دینے سے بڑھ کر کچھ نہیں ہوسکتا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق پیر کو جنرل ہیڈ کوارٹر ( جی ایچ کیو ) راولپنڈی میں فوجی اہلکاروں کو اعزازات دینےکی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں فوج کے اعلیٰ افسران اور ایوارڈ یافتگان کے ورثاء نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب کے دوران ارض پاک کیلئے عظیم قربانیاں دینے والے ، قوم کے جانباز بیٹوں کو پاک فوج کی جانب سے خراج تحسین کیا گیا اور شہداء کی شجاعت اور غازیوں کی خدمات پر اعلیٰ فوجی اعزازات عطاء کئے گئے ۔
وطن کیلئے عظیم قربانیاں دینے والے غازی افسران و جوانوں کو ستارہ امتیاز (ملٹری) اور تمغہ بسالت سمیت دیگر اعزازات سے نوازا گیا ۔
جنرل عاصم منیر نے شہداء کی بیواؤں اور بیٹیوں کے سروں پر دست شفقت رکھ کر اعلیٰ فوجی اعزازات انکے حوالے کیے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے شہداء کو پوری قوم کیلئے امید ، حوصلے اور استقامت کی علامت قرار دیا اور کہا مادر وطن کے دفاع کیلئے جان دینے سے بڑھ کر کچھ اور ہو ہی نہیں سکتا۔
آرمی چیف نے کہا شہدا اور غازی ہمارے قومی ہیرو ہیں، قوم کی آزادی و سلامتی انہی بہادر جنگجوؤں کی قربانیوں کی مرہون منت ہے۔
جنرل عاصم منیر نے قوم کے دلیر سپوتوں کے خاندانوں کے بلند حوصلے،قربانیوں اور بہادری کی بھی تعریف کی اور کہا کہ شہداء کی قربانیاں ، ہمارا لگن اور جذبے کے ساتھ لڑنے کا عزم مضبوط تر بناتی ہیں۔