ریلوے کی 31 ناکارہ آئل ٹینک ویگنیں پراسرار طور پر غائب ہوگئیں، جس سے ادارے کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچا، ناکارہ آئل ٹینک ویگنیں کراچی میں پپری کے ٹریک پر پارک کی گئی تھیں۔
پاکستان ریلویز کے مطابق کراچی کے پپری ٹریک پر پارک کی گئیں 31 ناکارہ آئل ٹینک ویگنیں پراسرار طور پر لاپتہ ہوگئیں۔
رپورٹ کے مطابق خریدار کمپنی کی طرف سے آئل ٹینک ویگنوں کے غائب ہونے کی اطلاع دی گئی جس کے بعد 3 سال سے تلاش جاری ہے، حکام کی جانب سے تاحال چوری کی رپورٹ بھی درج نہ کرائی جاسکی۔
سماء نے انکوائری رپورٹ کی کاپی حاصل کرلی، جس میں بتایا گیا ہے کہ 2018ء میں ریلوے نے 542 ناکارہ ٹینک ویگنیں اسکریپ میں فروخت کیں، خریدار کمپنی نے 31 ویگنیں غائب ہونے کی اطلاع دی تو ہلچل مچ گئی۔
ریلوے کی جانب سے ویگنوں کی خریدار کمپنی کو 57 لاکھ 75 ہزار روپے واپس کئے گئے، فروری 2023ء میں از سر نو ٹینک ویگنیں تلاش کرنے کا حکم دیا گیا۔
ریلوے انتظامیہ نے چیف کنٹرول اسٹورز کو ویگنوں کی گمشدگی کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کا حکم دیا ہے۔